تھانہ فتح شاہ پولیس کی کارروائی، بھاری مقدار میں دیسی شراب اور آلات برآمد

ساہوکا (نمائندہ خبریں)
پولیس تھانہ فتح شاہ نے کارروائی کرتے ہوئے شراب کی چالو بھٹی پکڑ لی اور ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس وہاڑی کے ڈی پی او تصور اقبال کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ فتح شاہ چوہدری محمد آصف کی زیر نگرانی اسسٹنٹ سب انسپکٹر مہر محمد مشتاق لک نے دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ کارروائی کی۔

پولیس ٹیم پل مڈھر کے قریب موجود تھی کہ مخبرِ خاص نے اطلاع دی کہ ملزم فلک شیر ولد علی محمد قوم دیندار، سکنہ موضع لکھا سلڈیرہ، اس وقت موضع مڈھر میں عمران شاہ نامی شخص کے احاطہ میں شراب کشید کر رہا ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا اور ملزم فلک شیر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

پولیس نے موقع سے پچاس لٹر دیسی شراب، لاہن کی بھاری مقدار اور شراب کشید کرنے والے آلات جن میں ڈرم، سلنڈر، مٹکے اور دیگر سامان شامل ہیں، برآمد کر لیے۔

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے پابندِ سلاسل کر دیا گیا ہے۔